خدا اور نبوت کو چیلنج کرنے والا پہلا مسلم شاعر
اگر خدا پر ایمان ہی اچھا انسان بننے کی بنیادی شرط ہے تو کیا غیر مذہبی انسان اخلاقی نہیں ہو سکتا؟ اور اگر مذہب انسان کو اخلاق سکھاتا ہے تو مذہبی معاشروں میں ظلم، بدعنوانی، استحصال، منافقت اور انسانی حقوق کی پامالی کیوں موجود رہتی ہے؟ یہ محض مذہب کے مخالفین کے سوالات نہیں ہیان بلکہ اخلاقیات کی بنیاد سے متعلق بنیادی فلسفیانہ سوالات ہیں۔ اب ذرا سوچیں، آج اگر کوئی شخص ایسے سوال اٹھائے تو اسے فوراً ملحد، مذہب دشمن یا خدا کا منکر قرار دے دیا جاتا ہے- لیکن تقریباً ایک ہزار سال پہلے ایک ایسا مسلم شاعر گزرا ہے جو مذہب، خدا، نبوت اور اخلاقیات جیسے موضوعات پر ایسے سوال اٹھاتا تھا جن پر آج بھی بحث ہوتی ہے۔ لیکن اس کی سوچ روایتی مذہبی خیالات سے کافی مختلف تھی۔ اس نے مذہبی عقائد، مذہبی پیشواؤں اور معاشرے میں پھیلی منافقت پر سوال اٹھائے۔ اس کی بعض تحریروں سے تو یہ بھی محسوس ہوتا ہے کہ وہ نبوت کے روایتی تصور کو عقل کی کسوٹی پر پرکھنا چاہتا تھا۔
اس شاعر کا نام تھا ابو العلاء المعری۔ المعری آج سے تقریباً ایک ہزار سال پہلے یہ سب کچھ سوچ بھی رہا تھا اور شعروں کے اظہار کہہ بھی رہا تھا، حالانکہ اس وقت نہ آج جیسی معلومات تھیں، نہ انٹرنیٹ تھا اور نہ ہی دنیا بھر کے خیالات تک رسائی اتنی آسان تھی۔ اس کے باوجود وہ اپنے دور کے عقائد پر سوال اٹھاتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی اس کی زندگی اور شاعری میں دلچسپی لی جاتی ہے۔
لیکن یہاں ایک بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ المعری کو صرف اس لیے اہم قرار دینا کہ اس نے مذہب پر تنقید کی، کافی نہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ اس نے ایسے سوالات اٹھائے جو آج بھی ہمارے معاشرے میں اہم ہیں۔ مثلاً کیا اچھا انسان بننے کے لیے خدا پر ایمان رکھنا ضروری ہے؟ کیا مذہب کے بغیر انسان اخلاقی زندگی نہیں گزار سکتا؟ اور اگر مذہب انسان کو اچھائی سکھاتا ہے تو پھر مذہبی معاشروں میں ظلم، بدعنوانی، منافقت اور دوسروں کے حقوق پامال کرنے کے واقعات کیوں نظر آتے ہیں؟

یہ سوالات کسی مذہب کی توہین کے لیے نہیں، بلکہ یہ سمجھنے کے لیے ہیں کہ اخلاقیات کی بنیاد آخر ہے کیا۔ آج بعض مذہبی اسکالرز یہ کہتے ہیں کہ اگر انسان خدا، آخرت، جنت اور جہنم پر یقین نہ رکھے تو اس کے پاس اچھے کام کرنے کی کوئی خاص وجہ باقی نہیں رہتی۔ یعنی اگر سزا کا خوف نہ ہو اور نیکی کا کوئی انعام نہ ملنا ہو تو انسان آخر اچھا کیوں بنے گا؟ لیکن ذرا اس بات پر غور کریں۔ کیا ہم صرف سزا کے خوف سے برائی سے بچتے ہیں؟ کیا ہم کسی ضرورت مند کی مدد صرف اس لیے کرتے ہیں کہ بدلے میں ہمیں جنت ملے گی؟ اور کیا کسی دوسرے انسان کا دکھ محسوس کرنے کے لیے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ خدا نے ہمیں اس کی مدد کرنے کا حکم دیا ہے یا نہیں؟ یہیں سے اخلاقیات کی ایک دلچسپ بحث شروع ہوتی ہے۔ مذہب یقیناً بہت سے لوگوں کے لیے اخلاقی رہنمائی کا ذریعہ ہے، لیکن کیا اخلاقیات کی بنیاد صرف مذہب ہی ہے؟ یہی وہ سوال ہے جس پر المعری کی فکر ہمیں غور کرنے کا موقع دیتی ہے۔
ابو العلاء احمد بن عبداللہ المعری 973ء میں شام کے شہر میں پیدا ہوا۔ بچپن میں اسے چیچک کی بیماری ہوئی جس کی وجہ سے اس کی بینائی شدید متاثر ہوئی اور وہ تقریباً نابینا ہوگیا۔ لیکن اس جسمانی محرومی نے اس کی علمی صلاحیتوں کو ختم نہیں کیا۔ اس نے عربی زبان، شاعری، ادب اور اپنے زمانے کے علمی ذخیرے میں غیر معمولی مہارت حاصل کی۔وہ صرف شاعر نہیں تھا، بلکہ ایک ایسا مفکر بھی تھا جو زندگی، انسان، اخلاقیات اور مذہبی عقائد کے بارے میں گہرائی سے سوچتا تھا۔اس کی شاعری میں انسان کی خود غرضی، معاشرے کی منافقت، مذہبی اختلافات اور روایات پر اندھا اعتماد جیسے موضوعات ملتے ہیں۔ وہ ان باتوں کو صرف اس لیے درست مان لینے پر آمادہ نظر نہیں آتا تھا کہ لوگ صدیوں سے انہیں مانتے چلے آرہے ہیں۔یہ بات آج بھی ہمارے لیے اہم ہے۔ ہمارے معاشرے میں اکثر کسی خیال کو اس لیے درست سمجھ لیا جاتا ہے کہ ہمارے بزرگ اسے مانتے تھے، ہمارے اردگرد کے لوگ اس پر یقین رکھتے ہیں یا کسی مذہبی شخصیت نے اسے بیان کیا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کسی بات کو بہت سے لوگوں کا ماننا کیا اسے سچ ثابت کرنے کے لیے کافی ہے؟ المعری کی فکر کا ایک اہم پہلو یہی ہے کہ وہ انسان کو اپنے عقائد کے بارے میں سوچنے اور سوال اٹھانے کی دعوت دیتی محسوس ہوتی ہے۔
المعری کی بعض شاعری اور تحریروں میں مذہبی عقائد، نبوت کے روایتی تصور اور مذہبی اتھارٹی کے بارے میں ایسے شکوک اور اعتراضات ملتے ہیں جن کی بنیاد پر مختلف محققین نے اسے مذہب کے بارے میں غیر روایتی خیالات رکھنے والا مفکر قرار دیا ہے۔ اس کے ہاں ایک بنیادی سوال بار بار سامنے آتا ہے: کہ انسان کسی عقیدے کو صرف اس لیے کیوں قبول کرے کہ اسے مذہبی روایت میں بیان کیا گیا ہے؟ کیا اسے اس عقیدے پر غور کرنے، اس کی دلیل جاننے اور اسے اپنی عقل کی کسوٹی پر پرکھنے کا حق نہیں؟ اہم بات یہ ہے کہ اس نے اپنے زمانے میں ایسے سوالات اٹھائے جنہیں عام طور پر آسانی سے قبول نہیں کیا جاتا تھا۔آج بھی جب کوئی شخص نبوت یا وحی کے تصور پر سوال اٹھاتا ہے تو اس سے اکثر یہ پوچھنے کے بجائے کہ اس کی دلیل کیا ہے، اس کی نیت اور کردار پر حملہ شروع ہوجاتا ہے۔حالانکہ کسی نظریے سے اختلاف کرنے اور کسی شخص کی توہین کرنے میں فرق ہوتا ہے۔ کسی عقیدے پر تنقید کا جواب دلیل سے دیا جاسکتا ہے۔ اگر کسی دعوے کے حق میں مضبوط دلائل موجود ہیں تو انہیں سامنے لانا چاہیے۔ محض کسی سوال کو برا سمجھ لینا اس سوال کا جواب نہیں ہوتا۔المعری کے مطالعے سے یہی بات سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ مذہبی عقائد پر تنقیدی سوالات کوئی نئی چیز نہیں ہیں۔ انسان صدیوں سے ان موضوعات پر غور کرتا آیا ہے۔

المعری کی فکر کا ایک ایسا پہلو بھی ہے جو اسے اپنے زمانے کے بہت سے دوسرے شاعروں سے ممتاز کرتا ہے۔ وہ جانوروں کی تکلیف اور ان کے ساتھ انسان کے رویے کے بارے میں بھی حساس دکھائی دیتا ہے۔اس سے منسوب شاعری اور اس کی زندگی کے بارے میں تاریخی روایات میں جانوروں کو تکلیف دینے سے گریز اور گوشت کھانے سے اجتناب کا ذکر ملتا ہے۔ اس کے خیالات کو عام طور پر اس کی وسیع تر اخلاقی سوچ کے تناظر میں دیکھا جاتا ہے۔یہاں ایک دلچسپ سوال سامنے آتا ہے۔ اگر ہم کسی جانور کو تکلیف پہنچاتے ہیں تو کیا اس کے بارے میں سوچنے کے لیے ہمیں پہلے کسی مذہبی حکم کی ضرورت ہے؟ یا ہم اس حقیقت کو بھی اخلاقی اہمیت دے سکتے ہیں کہ ایک جاندار تکلیف محسوس کرتا ہے اور ہم اپنے عمل سے اس کی تکلیف کم یا زیادہ کرسکتے ہیں؟
تو کیا ابو العلاء المعری ملحد تھا؟ یہ سوال بہت سے لوگوں کے ذہن میں ہوگا: کیا المعری خدا کو نہیں مانتا تھا؟ کیا وہ ملحد تھا؟ یا وہ خدا پر یقین رکھتے ہوئے مذہبی روایات پر تنقید کرتا تھا؟اس سوال کا قطعی جواب دینا آسان نہیں۔ المعری کی شاعری میں مذہبی عقائد کے بارے میں شکوک، روایتی مذہبی اتھارٹی پر تنقید اور مذہبی اختلافات اور مذہبی منافقت کے بارے میں سخت سوالات ملتے ہیں۔ اسی وجہ سے مختلف مصنفین نے اسے ملحد، آزاد خیال یا مذہب پر تنقید کرنے والا مفکر اور شاعر قرار دیا ہے۔ لیکن اس کی تحریروں کی تشریح ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہی۔ اس کے بعض خیالات کو خدا اور مذہب سے انکار کے طور پر دیکھا گیا، جبکہ بعض تشریحات میں اسے مذہبی رسوم، مذہبی پیشوائیت اور مروجہ عقائد پر تنقید کرنے والا شاعر سمجھا گیا ہے۔ اس لیے اسے بلااحتیاط کسی ایک خانے میں رکھ دینا تاریخی طور پر درست نہیں ہوگا۔ایک اور بات بھی سمجھنے کی ہے۔ کسی شخص کا مذہب پر تنقید کرنا لازماً اس بات کا ثبوت نہیں کہ وہ خدا کے وجود سے بھی انکار کرتا ہے۔ خدا پر یقین، کسی خاص مذہب پر یقین، نبوت کا تصور اور مذہبی اداروں کی حمایت الگ الگ سوالات ہیں۔ کسی شخص کے خیالات سمجھنے کے لیے ان سب میں فرق کرنا ضروری ہے۔المعری کے معاملے میں بھی یہی احتیاط درکار ہے۔
